ویب نیوز ڈیسک:پاک فوج کی آرمی راکٹ فورس نے مقامی سطح پر تیار کردہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے ’فتح 4‘ کروز میزائل کا کامیاب تربیتی تجربہ کر لیا۔ اس کامیابی کو پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ’فتح 4‘ زمین سے فائر کیا جانے والا جدید کروز میزائل ہے جو جدید رہنمائی اور ہدف شناسی کے نظام سے لیس ہے۔ یہ میزائل دور فاصلے تک اپنے ہدف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
بیان کے مطابق اس تربیتی تجربے کا مقصد افواجِ پاکستان کی عملی تیاری کو مزید مضبوط بنانا اور مختلف ذیلی نظاموں کی فنی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا تاکہ میزائل نظام کی درستگی اور مؤثریت کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
تجربے کے موقع پر آرمی راکٹ فورس کے اعلیٰ افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی اور مختلف مراحل کا مشاہدہ کیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ کامیاب تجربہ ملکی دفاع کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مہارت اور محنت کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی قوم اور دفاعی ماہرین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’فتح 4‘ میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی شعبے کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔


